لوگوں کو جینے کے حق سے محروم نہ رکھا جائے

Mir Ajaz
3 Min Read
File Photo

پہلگام واقعہ پر شک کی بنا پر گرفتار افرادکو رہا کیا جائے:الطاف بخاری

سرینگر//اپنی پارٹی سربراہ سید الطاف بخاری نے کہا ہے کہ میں سیکورٹی فورسز کو پہلگام میں معصوم سیاحوں کو بے رحمی سے قتل کرنے والے ملی ٹینٹوں کو ہلاک کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں لیکن اس کامیابی کے بعد اب پہلگام حملے کے بعد شبہ کی بنیاد پر حراست میں لیے گئے دو ہزار سے زائد افراد کو مسلسل حراست میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ترال سے ڈی ڈی سی ممبر ڈاکٹر ہر بخش سنگھ کی شمولیت کے موقعہ پر بخاری نے مرکز سے جموں و کشمیر کے لوگوں کی عزت نفس کا خیال رکھنے اپیل کی۔ انہوں نے کہا، صرف جموں و کشمیر کے لوگ ہی دشمن ملک کے اقدامات کا خمیازہ بھگت رہے ہیں،سرحد پار سے گولیوں اور گولوں کا سامنا صرف جموں کشمیر کے لوگوں کو کرنا پڑتا ہے، یہ ہمارے ہی لوگ ہیں جو ملک کے لیے جان دیتے ہیں،لیکن پھر بھی انہیں باوقار زندگی کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔پہلگام حملے کے بعد تقریباً ڈھائی ہزار لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے، ان تمام گرفتار شدگان کی کیا غلطی ہے؟ مرکز کو جموں و کشمیر کے لوگوں کی عزت نفس کا خیال رکھنا ہوگا۔ بخاری نے کہا کہ اپنی پارٹی ہمیشہ سے یہ مانتی اور کہتی آئی ہے کہ جموں و کشمیر سے متعلق تمام مسائل کا حل نئی دہلی سے آئے گا ۔ بخاری نے کہا، ” پی ڈی پی وہ نہیں رہی جو مرحوم مفتی کے دور میں تھی۔ یہ تنظیم اب صرف جنوبی کشمیر کے چند علاقوں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے‘‘۔ پہلے پی ڈی پی یہ دعوی کرتی تھی کہ وہ سو سال تک لڑے گی، اب انہیں احساس ہو گیا ہے کہ کشمیر میں ایسی باتوں سے کسی کو بھی لبھایا نہیں جاسکتا ہے۔۔ اتنا ہی نہیں، بلکہ پہلے پارٹی دعوی کرتی تھی کہ راج بھون جانا گناہ ہے۔ لیکن اب، ان کی لیڈر نے یہ ضد بھی چھوڑ دی۔ بخاری نے کہا، میں اس حکومت کی کارکردگی سے مایوس ہوں۔ اسے پچاس سے زائد منتخب اراکین کی حمایت حاصل ہے، پھر بھی اسے لوگوں کے مفادات کے لیے موقف لینے کی ہمت نہیں ہے۔

Share This Article