راجوری //لوگوں کو بیوقوف بنانے کے ایک حیران کن واقعہ میں راجوری کے دورافتادہ میںعوام سے آدھار کارڈ بنانے کے عوض پیسے لیکر چند نوجوان کہیں غائب ہوگئے ہیں ۔یہ واقعہ بگلہ رچھوا گائوں میں پیش آیاہے جو ضلع صدر مقام سے کافی دور پڑتاہے ۔مقامی ذرائع کے مطابق تین روز قبل 3نوجوان لڑکے علاقے میں جگہ جگہ گھومتے پھرتے رہے اور انہوںنے آدھار کارڈ کے نام پر پیسے وصولتے رہے ۔ ذرائع نے بتایاکہ وہ ہر ایک فرد سے ایک آدھار کارڈ کے لئے تین سوروپے وصول کرکے چلے گئے ۔ ذرائع کاکہناہے کہ ان نوجوانوں نے مقامی لوگوں کو بتایاکہ وہ آدھار کارڈ بنانے کیلئے گائوںمیں ہی مشینیں لائیںگے اور انہیں اس کام کیلئے راجوری جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی تاہم پیسے وصول کرنے کے بعد وہ کہیں رفو چکر ہوگئے ہیں جن کے بارے میں اب کچھ پتہ نہیں چل پارہا۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ اس بہکاوے میں آکر ستر سے اسی لوگوںنے ان کو تین سوروپے کے حساب سے پیسے دے دیئے تاہم یہ معاملہ جب گائوں کے معززین کے نوٹس میں لایاگیاتو انہوںنے پیسے دینے والوںسے اس بارے میںان لڑکوںسے دریافت کیاکہ کیا ان کے پاس آدھار کارڈ بنانے کیلئے سرکاری حکمنامہ ہے تو انہوںنے یقین دلایاکہ وہ کل یہ آرڈر دکھائیںگے ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ لوگوں کی طرف سے مزید اصرار کئے جانے پر وہ وہاںسے بھاگ گئے ۔اس کے بعد اس بارے میں چٹیار پولیس تھانے کو بھی مطلع کیاگیاجس پر ایک ٹیم علاقے میں بھیجی گئی تاہم وہ لڑکے کہیں روپوش ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں ۔اس سلسلے میں پولیس تحقیقات کررہی ہے لیکن اسے ابھی تک کوئی کامیابی نہیں ملی ۔