جموں// ریاست کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا موجودہ مخلوط سرکار کے ایجنڈے میں شامل ہے،جس کی طرف سرکار منصوبہ بند طریقہ سے عمل پیرا ہے۔ ان باتوں کا اظہار ریاست کے نائب وزیر اعلی ڈاکٹر نرمل سنگھ نے آج یہاں بی جے پی کے صدر دفتر پر منعقدہ ایک عوامی شکایات ازالہ کمیپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اُنہوں نے کہا سرکا ربہتر سڑک رابطہ ،پینے کا صاف پانی، بغیر خلل کے بجلی اور بہتر تعلیمی و ہیلتھ انفراسٹریکچر مہیا کرنے میں کوشاں ہے۔اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی سرکار اور بی جے پی۔ پی ڈی پی مخلوط سرکار ملک اور ریاست کی ترقی کی خواہاں ہے۔اُنہوںنے کہا کہ انکی سرکار لوگوں کو سو فیصدی سہولیات فراہم کرنے کی پابند ہے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ سرکار لوگوں کی سرکار ہے اسلئے ہر ایک کو اپنے مشکلات کے لئے ان کیمپوں کا دورہ کرنا چاہیے۔ڈوڈہ، سانبہ، ریاسی، کٹھوعہ، راجوری، جموں ،کرگل اور صوبہ جموں کے دیگر حصوں سے آئے ہوئے وفود نے نائب و زیر اعلی سے اپنے اپنے مسائل کی جانکاری دی ۔ ان مسائل میں بیشتر معاملے سڑکوں، پانی ،بجلی سپلائی ، آبپاشی، تعلیم ،ڈرینئج ،صحت عامہ ،سیاحتی مقامات کا فروغ۔بجلی کے انفراسٹریکچر میں بہتری ،پی ڈی ڈی ،پی ایچ ای یومیہ اُجرتوں پر کام کر رہے ڈیلی ویئجروں کو باقاعدہ بنانے اور کرگل کے پورٹروں کے مسائل شامل تھے۔نائب وزیر اعلی نے وفوود کو صبر و تحمُل سے سُنا اور یقین دلایا کہ ان مسائل کو فوری طور سے ازالہ کیا جائے گا۔ اُنہوں نے آفیسروں کو ان مسائل کا حل کرنے کے لئے مستعدی سے کام کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے کئی مطالبات کا موقعہ پر ہی فوری طور حل کرنے کی بھی ہدایت دی۔