نئی دہلی//صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے گورنروں اور لیفٹننٹ گورنروں کو دلتوں اور پسماندہ طبقات سمیت معاشرے کے مختلف طبقوں سے بات چیت کرنے اور لوگوں کی زندگی کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کرنے کی صلاح دی ہے ۔ راشٹریہ پتی بھون میں کل سے منعقدہ گورنروں اور لیفٹننٹ گورنروں کی دوروزہ سالانہ کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کووند نے کہا کہ گورنروں کی طرف سے ریاست کے معروف دانشوروں، سماجی کارکنوں ، صنعت کاروں اور ماہرین کے ساتھ مسلسل مذاکرات کرتے رہنا بہت مفید ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ "گورنر وقتا فوقتا قبائلی اور دیگر پسماندہ علاقوں میں جاکر لوگوں سے بات چیت کرکے اور ان کی ضروریات کو سمجھ کر ان کی زندگی کو بہتر بنانے کے لئے ریاستی حکومتوں کو متوجہ کر سکتے ہیں"۔ صدر جمہوریہ نے گورنروں کی طرف سے وققے وقفے سے چانسلروں کی کانفرنس بلائے جانے کی ضرورت بھی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ "مجھے خوشی ہے کہ بہت سے گورنر ایسا کر بھی رہے ہیں۔ ایسی کانفرنسوں کا ایجنڈا وائس چانسلروں کے ساتھ مشاورت کرکے پہلے ہی طے کیا جا سکتا ہے "۔ مسٹر کووند نے سائنس میں تحقیق کو فروغ دینے کے لئے حکومت ہند کے سائنسی مشیر کی مدد لینے کا بھی مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ "ریاستی یونیورسٹیوں کی طرف سے حکومت ہند کے ممتاز تحقیقی مراکز اور اعلی تعلیمی اداروں کے ساتھ مسلسل تعاون برقرار رکھنا ضروری ہے ، تاکہ وہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے تیزی سے تبدیل ہونے والے ماحول میں مفید تعلیم اور تحقیق پر کام کر سکیں"۔ انہوں نے ریاستی یونیورسٹیوں کی طرف سے روزگار رخی انٹرنشپ پر زور دیئے جانے کی ضرورت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹیوں میں بزنس اور بھرتی سیل کے قیام' اور ان کا مؤثر استعمال کرنے سے طالب علم کوفائدہ ہوگا۔ ۔