عظمیٰ نیوز سروس
جموں//ریٹرننگ آفیسر جموں پارلیمانی حلقہ اور ڈِسٹرکٹ مجسٹریٹ جموں سچن کمار وا شیا نے لوک سبھا اِنتخابات اُمیدواروں اور ان کے ایجنٹوں کے ساتھ ووٹوں کی گنتی کی تیاریوں اور پروٹوکول پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے ایک اہم میٹنگ طلب کی۔ایس ایس پی ڈاکٹر وِنود کمار بھی سیکورٹی سے متعلق رہنما خطوط اور پروٹوکول کی وضاحت کرنے کے لئے موجود تھے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ووٹنگ کائونٹنگ دِن اُمیدواروں اور اُن کے ایجنٹوں کو کسی غیر متوقع پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔میٹنگ میں اے ڈی سی شیر سنگھ اور ڈپٹی ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر رامیشور کمار نے بھی شرکت کی۔ووٹوں کی گنتی 4 ؍جون کو گورنمنٹ پولی تکنیک کالج بِکرم چوک اور ایم اے ایم کالج جموں میں ہوگی۔دورانِ میٹنگ ریٹرننگ آفیسر نے کائونٹنگ کے عمل کی تیاریوں اور پروٹوکول کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی ۔اُنہوں نے پارکنگ اور سکیورٹی اِنتظامات کی مکمل وضاحت کی جس میں وہ علاقے بھی شامل ہیں جہاں موبائل فون پر پابندی ہوگی۔ اُمیدواروں کے لئے دیگر اِنتظامات کے بارے میں بھی اُنہیں جانکاری دی گئی۔ریٹرننگ آفیسر نے کہاکہ دفعہ 144 اورماڈل کوڈ آف کنڈکٹ (ایم سی سی) کائونٹنگ کے دِن بھی نافذ رہے گا اور کسی بھی خلاف ورزی پر پابندی ہوگی۔ مزید برآں، ڈی اِی او کی اجازت کے بغیر جلوس نکالنے کی اِجازت نہیں ہوگی اور کاؤنٹنگ سینٹر کے اَحاطے میں پٹاخے پھوڑنے پر سختی سے پابندی ہوگی۔