عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی// الیکشن کمیشن نے جمعہ کو کہا کہ اس کی C-Vigil موبائل ایپلیکیشن پولنگ ضابطہ کی خلاف ورزیوں کوی نشاندہی کے لیے لوگوں کے ہاتھ میں ایک مثبت ذریعہ بن گئی ہے اور لوک سبھا انتخابات کے اعلان کے بعد سے، 79,000 سے زیادہ شکایات موصول ہوئی ہیں۔ پولنگ پینل نے کہا کہ 99 فیصد سے زیادہ شکایات کو حل کیا گیا ہے اور ان میں سے تقریباً 89 فیصد کو 100 منٹ کے اندر حل کر دیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ 58,500 سے زیادہ شکایات(کل شکایات کی 73 فیصد)غیر قانونی ہورڈنگز اور بینرز کے خلاف موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رقم، تحائف اور شراب کی تقسیم سے متعلق 1,400 سے زیادہ شکایات موصول ہوئیں۔تقریبا 3 فیصد شکایات (2,454) جائیداد کی بے حرمتی سے متعلق تھیں۔پولنگ پینل نے بتایا کہ آتشیں اسلحے کی نمائش اور دھمکانے کی 535 شکایات میں سے 529 کو حل کر لیا گیا ہے۔کل 1,000 شکایات ممنوعہ مدت سے زیادہ مہم چلانے کی تھیں، جن میں مقررہ وقت سے زائد اسپیکرز کے استعمال سے متعلق تھیں۔کمیشن نے نشاندہی کی کہ لوک سبھا انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرنے کے لئے پریس کانفرنس میں، چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے شہریوں سے چوکس رہنے کی اپیل کی تھی اور ماڈل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں اور ووٹروں میں کسی بھی قسم کی ترغیبات کی تقسیم کی اطلاع دینے کے لئے ایپ کا استعمال کریں۔سات مرحلوں پر مشتمل انتخابات کا اعلان 16 مارچ کو کیا گیا تھا اور ووٹنگ 19 اپریل سے یکم جون کے درمیان ہوگی۔