لوک سبھا انتخابات کا چوتھا مرحلہ ۔ 1717امیدوارمیدان میں،360کیخلاف مجرمانہ مقدمات درج

 عظمیٰ نیوز ڈیسک

نئی دہلی// لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے میں لڑنے والے 1,710 امیدواروں میں سے 21 فیصد نے اپنے خلاف فوجداری مقدمات کی تصدیق اور 24 امیدواروں نے صفر اثاثے ظاہر کئے ہیں۔ ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز کی رپورٹ کے مطابق، اے ڈی آر اور نیشنل الیکشن واچ نے 1717 میں سے 1710 امیدواروں کے خود حلف نامہ کا تجزیہ کیا، جو 13 مئی کو لوک سبھا انتخابات 2024 کے مرحلہ IV میں حصہ لے رہے ہیں۔کل 360 امیدواروں نے اپنے خلاف فوجداری مقدمات کی تصدیق کی ہے۔امیدواروں کے مالی پس منظر کے درمیان تفاوت پر زور دیتے ہوئے میدان میں سب سے امیر امیدوار تیلگو دیشم پارٹی کے ڈاکٹر چندر شیکھر پیمسانی ہیں ،جن کے اثاثے 5,700 کروڑ سے زیادہ ہیں۔فوجداری مقدمات والے 360 امیدواروں( (21 فیصدمیں سے 17 امیدواروں کو سزا سنائی گئی، 11 کو قتل سے متعلق مقدمات کا سامناہے، 30 کو قتل کی کوشش کے الزامات کا سامنا ہے اور 50 امیدواروں کے خلاف خواتین کے خلاف جرائم سے متعلق فوجداری مقدمات ہیں، جن میں سے 5 امیدواروں کو عصمت دری کے الزامات کا سامنا ہے۔ بڑی پارٹیوں میں اے آئی ایم آئی ایم کے 3 میں سے 3 امیدوار، شیوسینا کے 3 میں سے 2 امیدوار، بی آر ایس کے 17 میں سے 10 امیدوار، کانگریس کے 61 میں سے 35 امیدوار، بی جے پی کے 70 میں سے 40 امیدوار،ٹی ڈی پی کے 17میں سے 9 امیدوار،بی جے ڈی کے 4 میں سے 2 امیدوار، آر جے ڈی کے 4 میں سے 2 امیدوار، شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے 4 میں سے 2 امیدوار، وائی ایس آر سی پی کے 25 میں سے 12 امیدوار، آل انڈیا ترنمول کانگریس کے 8 میں سے 3 امیدوار اور سماج وادی پارٹی کے 19 میں سے 7 امیدواروں نے اپنے خلاف مجرمانہ مقدمات کا اعتراف کیا ہے۔1710 میں سے کل 476 امیدوار “کروڑ پتی” ہیں، جن کے اثاثے ایک کروڑ روپے سے زیادہ ہیں، جبکہ 24 امیدواروں نے صفر اثاثے ظاہر کیے۔