عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف)کشمیر کے انسپکٹر جنرل اشوک یادو نے بدھ کو جموں کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی)کے آگے والے علاقوں کا دورہ کیا تاکہ لوک سبھا الیکشن سے قبل فوجیوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے۔بی ایس ایف نے بتایا کہ آئی جی یادو نے ایل او سی کے قریب کپواڑہ اور ٹنگڈار علاقوں کا دورہ کیا اور لوک سبھا انتخابات کے آئندہ مرحلے کے لیے بی ایس ایف کی تیاری اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ تال میل کا جائزہ لیا۔بارہمولہ کپواڑہ کے حساس سرحدی حلقے کے لیے لوک سبھا انتخابات 20 مئی کو ہو رہے ہیں۔آئی جی بی ایس ایف نے سرحدی حلقے میں محفوظ انتخابات کے لیے تعینات فوجیوں کی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔ اشوک یادو نے لائن آف کنٹرول پرلوک سبھا الیکشن کے آئندہ مرحلے کے لیے بی ایس ایف کی تیاریوں اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ تال میل کا جائزہ لیا۔