کپوارہ// لولاب میں پیر کواس وقت تشدد بھڑک اٹھا جب فوج نے احتجاج پر بیٹھے طلبہ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پیر کو لولاب کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے طالب علم جب سکولو ں کی طرف نکل پڑے تو علاقہ میں بس سروس کی عدم دستیابی کے نتیجے میں وہ وقت پر سکول نہ پہنچ سکے جس کے بعد لولاب کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ بڑی بیرہ کے مقام پر سوگام اور لال پورہ سڑک پر جمع ہوئے اور مقامی انتظامیہ کے خلاف زور دار احتجاج کیا ۔عینی شاہدین نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ دوران کروسن لولاب سے فوج کی ایک کانوائے بڑی بیرہ کے مقام پر پہنچ گئی جہاں طلبہ احتجاج کررہے تھے اور فوجی اہلکارسڑک کھولنے کے لئے گا ڑیو ں سے نیچے اتر آئے جس کے دوران طالب علمو ں سے کہا گیا کہ سڑک سے ہٹ کر فوجی گا ڑیو ں کو کپوارہ کی طرف جانے دیں جس پر طلبہ مشتعل ہوئے ۔ فوج نے پہلے ہوائی فائرنگ کی جس کی وجہ سے وہا ں افرا تفری مچ گئی ۔احتجاج میں شامل طالب علمو ں نے فوج پر الزام لگایا کہ فوج نے طیش میں آکر طالب علمو ں کی مار پیٹ کی جس کے دوران ایک طالب علم ناصر سجاد میرساکن واورہ کو لہو لہان کر دیا گیااور انہیں فوری طور زخمی حالت میںسب ضلع اسپتال سوگام میں زیر ایم آر ڈی نمبر 20442کے تحت علاج و معالجہ کے لئے داخل کیا گیا تاہم ڈاکٹرو ں نے ضروری جانچ کے لئے انہیں ضلع اسپتال ہندوارہ منتقل کیا جہا ں وہ ایم آر ڈی/613 7028کے تحت زیر علاج ہے ۔ہندوارہ اسپتال سے زخمی طالب علم کے ایک رشتہ دار نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ ڈاکٹروں نے انہیں علاج و معالجہ کے لئے اسپتال میں ہی رکھا ۔انہو ں نے کہا کہ نا صر کو فوج نے بری طرح سے مارا پیٹا جس کے دوران وہ لہو لہان ہو گیا ۔طلبہ کے ساتھ فوجی زیادتیوں کے خلاف سوگام لولاب ہائر سیکنڈری کے زیر تعلیم طلبہ اپنے کلاسو ں سے باہر آئے اورزبردست احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ طلبہ پر فوجی زیاتیوں کا سنجیدہ نو ٹس لیا جائے اور ان کے خلاف کیس درج کر کے تحقیقات کی جائے ۔طلبہ پر فوج کی زیادتی کے حوالے سے جب ایس ایچ او سوگام سے رابطہ کیا گیا تو انہو ں نے بتا یا کہ بڑی بیر کے مقام پر طلبہ کی جانب سے احتجاج کے دوران وہا ں سے فوجی گا ڑیا ں گزری جن میں ایک فوجی ایمبو لنس بھی تھی جسمیں ایک بیمار تھااور جب طلبہ سے کہا گیا کہ فوجی گا ڑیو ں کو جانے دیں تو طلبہ نے گاڑیو ں پر پتھرائو کیا جس کی وجہ سے فوجی ایمبو لنس کے شیشے چکنا چور ہوئے اور پتھرائو کے نتیجے میں مزکورہ طالب علم زخمی ہوگئے۔