عظمیٰ نیوزسروس
کپواڑہ// لولاب کے لال پورہ علاقے میں ہفتہ کی شام ایک کنویں کے اندر کھدائی کا کام کرتے ہوئے بے ہوش ہونے کے بعد ایک شخص کی موت ہو گئی اور تین دیگر کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔اطلاعات کے مطابق موہی گنڈ رنگوار کے علاقے میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب چار افراد، کنوئیں کی صفائی کرنے کے دوران ممکنہ طور پر دم گھٹنے کی وجہ سے ہوش کھو بیٹھے۔ان کی شناخت غلام نبی شیخ ، منظور احمد میر، غلام محمد میر اور محمد رفیق لاچی کے طور پر کی گئی ہے۔ مقامی لوگوں نے پولیس اہلکاروں کے ساتھ مل کر انہیں باہر نکالا اور فوری طور پر علاج کیلئے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال (ایس ڈی ایچ) سوگام منتقل کیا۔تاہم ان میں سے ایک منظور احمد میر کو ہسپتال پہنچنے پر مردہ قرار دے دیا گیا۔تین زندہ بچ جانے والوں میں سے دو محمد رفیق لاچی اور غلام نبی شیخ کو بعد میں مزید علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) ہندوارہ ریفر کیا گیا، جبکہ غلام محمد میر ایس ڈی ایچ سوگام میں زیرِ نگرانی ہیں۔واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے، ایک مقامی اہلکار نے بتایا کہ ابتدائی نتائج میں دم گھٹنے کی وجہ بتائی گئی ہے، لیکن معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ بدقسمتی سے، چار افراد میں سے ایک کی موت ہو گئی، جبکہ دیگر اس وقت زیر علاج ہیں۔