کپوارہ//لولاب کے لشکوٹ جنگل میں 6روز تک مٹی کے ایک بھاری تودے کے نیچے زندہ دفن ہونے والے 3شہریو ں کی لاشوںکو بر آ مد کرلیا گیا ہے۔ 26فروری کو لولاب کے درد پورہ اور ورنو سے تعلق رکھنے والے 5شہری جنگلی پرندوں کا شکار کرنے کی غرض سے لولاب کے لشکوٹ جنگلی علاقہ کے لئے نکلے تھے تاہم اس دوران بھاری برف باری اور بارشو ں کا سلسلہ شروع ہوا جس کے بعد یہ شہری راستہ بھول گئے اور بہت دور چلے گئے جہا ںالطاف احمد میر ساکن ریشواری ورنو ،بشیر احمد گنائی ساکن درد پورہ اور غلام محمد لون ساکن ورنو مٹی کے ایک بھاری تودے کے نیچے زندہ دفن ہوگئے جبکہ ضمیر احمد اور محمد اکبر معجزاتی طور بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے ۔منگل تک ہر روز شہریوں کی لاشوں کو نکالنے کی کارروائیاں جاری رہیں تاہم ناکامی ہوئی۔بدھ کو لولاب سے54افراد پر مشتمل ٹیم کو لشکوٹ جنگلی علاقہ، جہا ں یہ حادثہ پیش آ یا تھا، روانہ کیا گیا ۔ اس ٹیم میں لولاب سے تعلق رکھنے والے نوجوانو ں نے پولیس اور فوج کے ساتھ رضاکارانہ طور جانے کے لئے کمر کس لی اور بدھ کی شام لشکو ٹ پہنچ کر وہا ں ایک فوجی کیمپ میں رات گزاری اور جمعرات کی صبح بچائو کارروائی شروع کی گئی ۔سب ڈویژنل مجسٹریٹ لولاب کے مطابق جمعرات کی دو پہر سخت محنت کے بعد زندہ دفن ہونے والے 3شہریو ں کی لاشو ں کو نکالا گیا تاہم شام تک پولیس فوج اور رضاکار نوجوان لاشو ں کو لیکر ورنو اور درد پورہ نہیں پہنچ سکے تھے کیونکہ پیدل چلنے میں 4سے 5گھنٹے لگ جاتے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر نے لاشوں کو وہا ں سے لانے کے لئے ہیلی کاپٹر کا انتظام بھی کیا تھا لیکن آخری وقت میں ہیلی کاپٹر وہاں نہیں اتر سکا ۔ا س دوران ورنو اور درد پورہ میں دوربارہ ماتم کی لہر دوڑ گئی اور لوگو ں کی بھاری تعداد ورنو اور درد پورہ پہنچ کرنماز جنازہ میں شرکت کیلئے جمع ہوئے ۔دریں اثناء ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، امداد و باز آباد کاری اور تعمیر نو کے وزیر جاوید مصطفی میر نے ان تین افراد کے لواحقین، جو لشکوٹ جنگلات میں تودے کی زد میں آکر جاں بحق ہوئے تھے، کی لواحقین کے حق میں چار چار لاکھ روپے ایکسگریشیا ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے۔وزیرنے ڈویژنل کمشنر کشمیر اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹوں کی اتھارٹیوں سے کہا کہ وہ ایسے واقعات کا نوٹس لیں جنہیں ہونے سے بچایا جاسکے تاکہ مستقبل میں مزید جانوں کا زیاں نہ ہو۔
مزید تودے گرنے آنے کی وارننگ جاری
جموں//ایس اے ایس ای کی طرف سے بارہمولہ ، گلمرگ ، پھرکیاں ۔زیڈ گلی اور کپواڑہ ۔ چوکی بل ۔ٹنگڈار ، بانڈی پورہ اور کرگل کے لئے درمیانہ درجے کے تودے گرآنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ پونچھ ، راجوری ، ریاسی ، رام بن ، ڈوڈہ ، کشتواڑ، ادھمپور ، اننت ناگ ، کولگام ، بڈگام ، لیہہ اضلاع اور سرینگر جموں قومی شاہراہ پر ہلکے تودے گر آنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے ۔ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے تودے گرا ٓنے والے علاقوں میںرہائش پذیر لوگوں کو احتیاطی تدابیر عملانے کی صلاح دی ہے ۔