سرینگر/وزیرجل شکتی جاوید احمد رانا نے اسمبلی کو بتایا کہ لولاب حلقے میں آبادی کو پینے کا پانی فراہم کرنے کیلئے کُل 49 موجودہ اور 12 نئی واٹر سپلائی اسکیمیں فعال ہیں ۔وزیر موصوف لولاب حلقے میں پینے کے پانی کی کمی کے حوالے سے ایم ایل اے لولاب قیصر جمشید لون کی طرف سے پیش کردہ توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دے رہے تھے انہوں نے ایوان کو بتایا کہ لولاب حلقے میں 49 موجودہ واٹر سپلائی اسکیمیں 50 دیہاتوں کی ضروریات پوری کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ جل جیون مشن اور کیپیکس کے تحت 22 نئی اسکیمیں شروع کی گئی ہیں تا کہ لولاب حلقے کے ہر دیہی گھرانے کو اس کے احاطے میں فنکشنل ہاوس ہولڈ ٹیپ کنکشن ( ایف ایچ ٹی سی ) فراہم کیا جائے ، جو مناسب مقدار میں پینے کا پانی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو ۔ انہوں نے کہا کہ 22 اسکیموں میں سے 12 فعال ہیں اور 10 مختلف مراحل میں ہیں ۔ یہ اسکیمیں آبادی کو پینے کا پانی فراہم کرتی رہتی ہیں اور ان کی فعالیت کو یقینی بنانے کیلئے باقاعدگی سے دیکھ بھال کی جاتی ہے ۔