سرینگر// جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے قاضی گنڈ علاقے میں جنگجووں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان پیر کی صبح شروع ہونے والے تصادم میں تین جنگجو مارے گئے ہیں۔
ضلع کولگام میں گذشتہ بارہ گھنٹوں میں جنگجووں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہوا یہ دوسرا تصادم تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق جنگجووں کے چھپے ہونے کی مصدقہ اطلاعات ملنے پر فوج ، جموں وکشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نے کولگام کے لور منڈا علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی کارروائیاں شروع کیں۔
انہوں نے کہا کہ جوں ہی فورسز کی مشترکہ ٹیم مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں پناہ گزین جنگجووں نے ان پر فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں طرفین کے مابین گھمسان کا رن پڑ گیا۔
پولیس نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اس معرکہ آرائی میں تین جنگجو مارے گئے ہیں۔