عشرت حسین بٹ
منڈی// ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے بلاک لورن کے متعدد علاقے گزشتہ پانچ روز سے بجلی سے محروم ہیں عوام کے مطابق دو سو سے زائد گھروں کو سرکار کی جانب سے محض ایک بجلی ٹرانسفارمر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے اس پر بھاری لوڈ پڑتا ہے اور لوگ بجلی سے محروم ہو جاتے ہیں۔لورن پنچایت لوہر اے کے محلہ پٹیاں ، بٹاں، ہل اور ڈوبا میں گزشتہ پانچ روز سے بجلی نہیں آ رہی ہے جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات ک سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ظہور احمد نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ دو سو سے زائد گھروں کو ایک ہی ٹرانسفارمر سے بجلی دستیاب ہوتی ہے جس کی وجہ سے لوڈ بڑھ جاتا ہے اور ٹرانسفارمر جل جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے کھمبوںکے بجائے درختوں پر ترسیلی لائن بچھائی گئی ہیں اور وہ ترسیلی لائنیںروزانہ کہیں نہ کہیں سے ٹوٹ جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ مقامی لائن مین اس ترسیلی لائن کو جوڑتا بھی ہے لیکن وہ پھر سے ٹوٹ جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ روز سے بجلی نہیں آ رہی ہے جس کی وجہ سے علاقہ کی عوام رات بھر گھپ اندھیرے میں گزارا کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی نہ ہونے سے بچوں کی تعلیم متاثر ہوتی ہے اور علاقہ میں کچھ ایسے مریض بھی ہیں جو آکسیجن لے کر اپنا وقت نکال رہے ہیں۔ علاقہ کی عوام نے کہا کہ اس سلسلے میں محکمہ کے آفسران کو بھی کہا گیا مگر اس سلسلے میں ان کی جانب سے کوئی بھی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس سلسلے میں محکمہ بجلی کے اعلیٰ آفیسران کو ہدایات دیں کہ وہ ان علاقوں کا معائنہ کر کے مزید ٹرانسفارمر لگائیںاور لوگوں کو جلد بجلی فراہم کریں۔