لورن کے متعدد علاقوں میںپینے کے پانی کی ہاہاکار پرانی پائپ لائن خستہ، عوام کی جلد صاف پانی فراہم کرنے کی مانگ

عشرت حسین بٹ

منڈی// جہاں پورے ملک میں مشن جل جیون کے تحت سرکار ہر گھر تک نل پہنچانا ہے وہیں ملک کے ایسے بھی دور دراز علاقے ہیں جن میں ابھی تک اس مشن کے تحت پانی کی ایک بوند بھی نہیں پہنچائی گئی۔ایسے ہی دیہات میں ضلع پونچھ کے لورن بلاک کے متعدد علاقے شامل ہیں جن میں ابھی تک خستہ پائپ لائن کے ذریعہ ہی کبھی کبھی پانی آتا ہے جبکہ مشن جل جیون کے تحت ابھی بھی ان علاقوں میں پانی نہیں پہنچایا گیا جس کی وجہ سے اس ترقی یافتہ دور میں بھی عوام کو میلوں پیدل سفر کر کے پانی حاصل کرنا پڑتا ہے۔ لورن بلاک کے بیاڑاں ،پرے محلہ وارڈ نمبر تین کے چالیس سے زائد کنبہ جات میں ابھی تک جل جیون میشن کے تحت پانی نہیں پہنچایا گیا ۔اس علاقہ کے مکینوں کے مطابق اگر چہ ان کے بلاک کے دیگر علاقوں میں مشن جل جیون کے تحت پینے کا صاف پانی پہنچ گیا ہے مگر ان کا علاقہ ابھی بھی اس سکیم سے محروم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج بھی انہیں پینے کا صاف پانی لانے کے لیے پید ل سفر کرنا پڑتا ہے۔ مکینوں نے کہا کہ چار دہائیاں قبل لگائی گئی پائپ لائن اتنی بوسیدہ ہو چکی ہے جس میں پانی نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ لورن کے پرے محلہ بیاڑاں کی وارڈ نمبر ۳ سمیت متعدد علاقہ جات ایسے ہیں جن میں ابھی تک مشن جل جیون کے تحت پانی نہیں پہنچایا گیا جس کی وجہ سے ان علاقہ کے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔ اس حوالے سے جب کشمیر عظمیٰ نے محکمہ جل شکتی کے ایک افسر سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ محکمہ کی جانب سے جل جیون سکیم کے تحت ہر گھر جل اور نل پہنچانے کا کام جاری ہے اور بہت جلد لورن بلاک کے ہر علاقہ کے لوگوں کو پانی کی بہتر سہولت بہم پہنچائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت لورن بلاک کے تحت پڑنے والے بیشتر علاقوں میں پینے کا صاف پانی پہنچایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو علاقے رہ گئے ہیں ،بہت جلد ان کو بھی کور کیا جائے گا۔