عشرت حسین بٹ
منڈی // ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے لورن بیلا بالا علاقہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص کی دس بھیڑیں ہلاک ہو گئیں۔ ذرائع کے مطابق پیر کو سہ پہر خراب موسمی صورت حال کی بنا پر آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے عبدل الغفار ولد رحیم شیخ نامی شخص کی دس بھڑیں ہلاک ہو گئی ہیں ۔لورن سے تعلق رکھنے والے منظوراحمد نامی عینی شاہد نے بتایا کہ غفارشیخ جس کا تعلق ایک غریب گھرانے سے ہے اور روزروٹی کا دورومدار مال مویشی پر ہے ،اچانک اْس کے گھر کے نزدیک کے آسمانی بجلی گری جہاں اس کی بھڑیں چارہ لے رہی تھیں ،جسکے نتیجے میں مذکورہ شخص کی دس بھیڑیں ہلاک ہوگئیں تا ہم خوش قسمتی سے خود مذکورہ اور اس کے اہل خانہ بال بال بچ گئے۔مقامی لوگوں نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ کنبے کی فوری امداد کی جائے تا کہ وہ اپنی زندگی کو پھر سے معمول کے مطابق بسر کر پائیں لوگوں کا کہنا تھا کہ متاثرہ کنبے کی روزی روٹی کا انحصار اِن ہی مال مویشی پر تھا لیکن آسمانی بجلی نے ان کی زندگی کو مفلوج بنا کر رکھ دیا ہے لہٰذا متعلقہ محکمہ کو نقصانات کا تعین کرنا چاہیے اور سرکار کو متاثرہ خاندان کی امداد کرنی چاہیے اس معاملے کے حوالے سے پولیس نے ایک کیس بھی درج کر لیا ہے۔