منڈی//تحصیل منڈی کے علاقہ لورن میں سڑک پر پسی گر آنے کی وجہ سے سڑک آمد و رفت کیلئے دوسرے دن بھی بند رہی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق لورن کیٹیال علاقہ میں گزشتہ اتوار کو سڑک پر بھاری پسی گر آئی جس کی وجہ سے سڑک گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے بند ہو گئی اور عوام کو سڑک پر پیدل سفر کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق لورن منڈی سڑک پر کشادگی کا کام چل رہا ہے جس کی وجہ سے کیٹیال کے مقام پر گزشتہ روز بھاری پہاڑی کھسک کر سڑک پر گر پڑی جس سے سڑک کا کافی حصہ بھی ڈھ گیا ۔اس پسی کے بعد سڑک گزشتہ دو دنوں سے آمدو رفت کیلئے بند ہوگئی ہے جبکہ مقامی لوگوں کو آمد و رفت میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔اس معاملہ کو لے کر مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی بحالی کیلئے جلد ازجلد کام شروع کیا جائے تاکہ مسافروں کو درپیش مشکلات حل ہو سکے تاہم ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہاکہ انتظامیہ نے احتیاطی طور پر سڑک کو بند رکھا ہو ا ہے تاکہ مزید کٹائی کے دوران کو جانی یامالی نقصان نہ ہو ۔انہوں نے کہاکہ اس سخت پہاڑی کو کاٹنے میں مزید دو دن لگ سکتے ہیں ۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سڑک بند ہونے کی وجہ سے اساتذہ و دیگر محکموں کے ملازمین کو اپنی ڈیوٹی پر جانے میں مشکلات کا سامنا کر نا پڑرہاہے ۔