ڈورو//ڈورو شاہ آباد کے مضافاتی گائوں لورمنڈہ میں گذشتہ کئی ہفتوں سے دہشت مچانے والے ریچھ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے ۔جمعرات کی شب لورمنڈہ کے جنگل میں گھات لگا کر بیٹھے شکاریوں کی نظر وہاں سے گذر ہے ریچھ پر پڑی اور اُنہوں نے فوری طور پر اسے گولیاں چلاکر موقعہ پر ہی ہلاک کیا ۔شکاریوں کے گروپ کے سربراہ عبدالعزیز دیگی نے کہا کہ علاقہ میں آدم خور ریچھ کو ہلاک کر نے کیلئے اُنہیں سرکار کی طرف سے باضابطہ طور پر احکامات ملے تھے اور وہ گذشتہ رات سے اس مشن میں لگے تھے ،اور اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے 3شکاریوں کی مدد لی گئی تھی ۔قابل ذکر ہے کہ ہفتے کے دوران دو افراد ریچھ کے حملے میں بُری طرح زخمی ہوئے تھے اورریچھ کی ہلاکت سے مقامی آبادی نے راحت کی سانس لی ہے ۔