عظمیٰ نیوز سروس
لندن// لندن کے ساؤتھ اینڈ ائیرپورٹ پر چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اتوار کو لندن کے ساؤتھ اینڈ ائیرپورٹ پر چھوٹا طیارہ ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد گر کر تباہ ہو گیا۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 12 میٹر لمبا طیارہ حادثے کے بعد شعلوں کی زدمیں ہے اور سیاہ دھواں اٹھتا دیکھا جاسکتا ہے ۔ساؤتھ اینڈ ایئرپورٹ کی جانب سے جاری ایک بیان میں تصدیق کی گئی کہ اتوار کی سہ پہر ایک سنگین حادثہ پیش آیا ، مقامی حکام کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں اور جیسے ہی ممکن ہوگا مزید معلومات فراہم کریں گے ۔حادثے کے کچھ دیر بعد ہی ائیرپورٹ انتظامیہ نے اعلان کیا کہ ائیرپورٹ کو تاحکم ثانی بند کر دیا گیا ہے ، ائیرپورٹ پر آنے اور جانے والی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔طیارے کے مسافروں کی تعداد اور حادثے میں جانی نقصان کے حوالے سے اب تک کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ادھر نائیجیریا میں مسافر طیارہ رن وے لینڈنگ کرتے ہی پھسل کر کچے میں اتر گیا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نائیجیریا کی سب سے بڑی قومی ایئر لائن ایئر پیس کامسافر طیارہ جو صبح لاگوس کے مرتلا محمد ایئرپورٹ سے روانہ ہوا اور پورٹ ہارکورٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا تو لینڈنگ کے دوران ہی رن وے سے پھسل کر کچے میں اتر گیا۔رپورٹ کے مطابق متعلقہ حکام نے بتایا کہ لینڈنگ کے وقت پھسلن کا شکار ہونے والے طیارے کے تمام مسافر محفوظ رہے ، طیارے کو بھی نقصان نہیں پہنچا تاہم واقعے مزید کی تحقیقات جاری ہیں۔یاد رہے کہ اس سے تقریباً 7 ماہ قبل بھی اسی طرح کا ایک واقعہ پیش آیا تھا۔ 11دسمبر 2024 کو ایک کارگو جہاز آلائیڈ ایئر کا بوئنگ 737-400 طیارہ بھی ابوجا کے ننامدی آذیکیوے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رن وے سے پھسل کر کچے میں اتر گیا تھا۔