مریضوں کی رازداری کیساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا:میڈیکل سپرانٹنڈنٹ
عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر //لل دیدہسپتال سرینگر کے آپریشن تھیڑ کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہسپتال انتظامیہ نے ہسپتال کے اندر ویڈیو یا فوٹو گرافی پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے اور واضح احکامات جاری کئے ہیں کہ کوئی بھی ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی ہو گی ۔ سرینگر کے لل دید ہسپتال میں گزشتہ دنوں آپریشن تھیڑ میں ایک خاتون کی جراحی انجام دیئے جانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہسپتال انتظامیہ متحرک ہو چکی ہے اور انہوں نے ہسپتال کے اندر کسی بھی قسم کی ویڈیواور فوٹو گرافی پر پابندی عائد کردی ہے ۔ اس ضمن میں ہسپتال کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر مظفر جان نے کہا کہ ہسپتال کے تمام ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اور دیگر عملے کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ہسپتال کے اندر ویڈیو بنانے یا تصاویر لینے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر انتہائی حساس مقامات پر تاکہ مریض کی رازداری کو برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے ہر کونے میں سائن بورڈس آویزاں کیے گئے ہیں جن میں متنبہ کیا گیا ہے کہ ویڈیو گرافی ممنوع ہے اور قانون کے تحت قابل سزا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کی دیکھ بھال میں کوئی کوتاہی برداشت نہیںہو گی اور جو بھی ملوث پایا جائے گا ان کے خلاف کارورائی ہو گی ۔