سرینگر // لل دید اسپتال میں ڈاکٹروں کی عدم دلچسپی سے تنگ آکر ہسپتال کے لیبر روم میں زیر علاج مریضہ کے رشتہ دار نے سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹر کی مارپیٹ کی ہے جسکے بعد پولیس نے تیمارداروں کے خلاف کیس درج کرلیا ہے۔ اسپتال ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ تیماردار کے مریضہ کے جسم سے ٹانکوں کے بائوجود بھی خون بہہ رہا تھا تاہم ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹر نے تیماردار کی کئی گزارشوں کے بائوجود بھی مریضہ کی حالت کو نظر انداز کرنے کی کوشش کی تھی جس پر مذکورہ تیماردار نے ڈاکٹر کی پٹائی کردی ہے۔ ادھر اسپتال انتظامیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس سلسلے میں پولیس میں تحریر ی شکایت درج کرائی گئی ہے۔لل دید اسپتال سرینگر میں سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات 12بجکر 30منٹ پر اس وقت ہنگامہ شروع ہوگیا جب ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹر کو مریضہ کے رشتہ دار نے زبردست مارا اور پیٹا ۔ اسپتال ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ لیبر روم میں زیر علاج ڈلگیٹ سرینگر کی ایک مریضہ نے بچے کو جنم دیا تھا اور بچے کو جنم دینے کے بعد ڈاکٹروں نے مریضہ کی صورتحال پر نظر گزر رکھنے کیلئے ایک مخصوص کمرے میں رکھا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ مریضہ کے جسم پر ٹانکیں لگنے کے بائوجود بھی خون بہہ رہا تھا اور کئی بار بلانے پر بھی ڈاکٹر نے جب مریضہ کو دیکھنے سے انکار کیا تو مریضہ کی ایک رشتہ دار نے ڈاکٹر کی زبردست پیٹائی کردی۔ اسپتال ذرائع نے بتایا کہ ڈیوٹی پر تعینات سیکورٹی اہلکاروں نے مذکورہ مریضہ کے رشتہ داروں کو دبوچ لیا ہے اور انہیں پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ اسپتال ذرائع نے معلوم ہوا ہے کہ فیروز احمد نامی تیمار دار نے ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹر عمار پر گھونسوں کی برسات کردی جس سے اس کو چوٹیں آئی ہیں جنہیں اتوار کو سرینگر کے صدر اسپتال میں علاج و معالجہ کیلئے داخل کیا گیا ۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ لل دید اسپتال ڈاکٹر نذیر احمد ملک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات کو ایک تیماردار نے ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹر کی پٹائی کردی ہے ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ مذکورہ ڈاکٹر کو کافی چوٹیں آئی ہیں جسکی وجہ سے ان کی سی ٹی سکین بھی کرانی پڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال انتظامیہ نے مذکورہ تیماردار کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی ہے ۔ پولیس اسٹیشن راجباغ میں موجود ذرائع نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سنیچر اور اتوار کی رات فیروز احمد وانی ولد غلام محمد وانی ساکنہ ڈالگیٹ سرینگر نے ڈیوٹی پر تعینات ایک ڈاکٹر کی شدید مارپیٹ کی ہے ۔‘‘ پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے اسپتال انتظامیہ کی شکایت پر مذکورہ تیماردار کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 03/2018زیر دفعات 353/332درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ ڈاکٹر کو معمولی نویت کی چوٹیں آئی تھی تاہم اس نے پھر بھی اسپتال میں داخل ہونے کی ضد کی جس کے بعد اسکو علاج و معالجہ کیلئے صدر اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا ۔