پرویز احمد
سرینگر //لل دید اسپتال میں خاتون ڈاکٹر کی جانب سے مریضہ کا معائنہ کرنے سے انکار کرنے کی تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ مریضہ کے تیماردار وسیم نے بتایا’’ وہ اسپتال میں داخل اسکی مریضہ کیلئے ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹر سے معائنہ کرنے کیلئے بلانے گیا لیکن جب میں ڈاکٹر کے پاس گیا تو ڈیوٹی پر تعینات خاتون ڈاکٹر نے مریضہ کا معائنہ کرنے سے انکار کیا ۔ وسیم نے بتایا ’’ مذکورہ ڈاکٹر نے معائنہ کرنے سے انکار کیا اور کہا کہ یہ اسکی پسند ہے کہ وہ کس مریض کا علاج کرے گی اور کس کا نہیں‘‘۔ مریضہ کے تیمارداروں نے واقع کا ویڈیو بنایا اور تمام متعلقین کو بھیجا اور مذکورہ ڈاکٹر کے خلاف سخت کاروائی کی مانگ کی ہے۔ مذکورہ ویڈیو میں صاف دکھائی دے رہا ہے کہ مذکورہ ڈاکٹر مریضہ کا معائنہ کرنے سے انکار کررہی ہے اور تیمارداروں کو آر ایم او اور پولیس کے پاس لے جانے کی دھمکی دے رہی ہے۔ جی ایم سی سرینگر کے ترجمان ڈاکٹر محمد سلیم خان نے کہا کہ معاملہ کا نوٹس لیا گیا ہے اور میڈیکل سپر انٹنڈنٹ لل دید اسپتال تحقیقات کررہے ہیں۔
لل دیداسپتال میں مریضہ کامعائنہ کرنے سے ڈاکٹر کاانکار | معاملے کی تحقیقات شروع:جی ایم سی ترجمان
