جموں//عوامی اثاثہ کا تحفُظ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر برائے پی ایچ ای ،آبپاشی اور فلڈ کنٹرول شام لعل چودھری نے آج یہاں سچیت گڑھ میں ایک عوامی شکایتی ازالہ کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں سے کہا کہ سرکار نے عام لوگوں کی بھلائی کے لئے کئی اقدام کئے ہیں۔کیمپ میںبسپور بانگلہ،بڑیال براہمناں،نکو وال، کوٹلی گالہ بنا، کوروٹنہ خُرد ،فلورا اور ملحقہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل تھے۔ان لوگوں نے وزیر موصوف کو مقامی مسائل جیسے کہ بجلی سپلائی۔ پانی کی سپلائی، تعلیم، صحت عامہ ،صحت و صفائی اور سڑکوں کے مسائل سے واقف کرایا اور انیں فوری طور حل کرنے کے لئے مداخلت کرنے کی اپیل کی۔.بسپور بانگلہ کے لوگوں نے 250 کلو واٹ ٹرانسفارمر کا درجہ بڑھا کر اسے 400کلو واٹ کرنے کا مطالبہ کیا ۔اسکے علاوہ لنک روڈ کی تعمیر اور سڑکوں پر تار کول بچھانے کے کام کا بھی مطالبہ کیا ۔نکو وال کے لوگوں نے ٹیوب ویل کی مرمت،نالہ کی تعمیر کامطالبہ کیا۔کوروتنہ خُرد کے لوگوں نے کیمونٹی ہال کی تعمیر کا مطالبہ کیا ۔وزیر موصوف نے متعلقہ حُکام کو یہ مطالبات حل کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے جاری ترقیاتی کاموں کو مقررہ مدت کے اندر حل کرنے کی بھی ہدایت دی۔بعد ازاں اُنہوں نے پنڈی سروچاں ۔II میں لفٹ اریگیشن سکیم کا افتتاح کیا ،جو کہ نبارڈ کے تحت 210.77 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی ہے۔اُنہوںنے ججووال میں نو تعمیر شدہ گلیوں اور نالیوں کا بھی افتتاح کیا ۔