سرینگر //جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لعل سنگھ نے بدھ کو کرال سنگری میںکئی فاریسٹ کمپارٹمنٹس اور نرسریوں کا معائینہ کر کے مقامی لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔وزیر نے ڈویژنل فاریسٹ افسروں کو اس علاقے میں شجرکاری مہم میں مقامی لوگوں کی شمولیت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوںنے کہا کہ حکومت سیزنل پودے لگانے کیلئے تمام تر کوششیں بروئے کار لا رہی ہے۔لعل سنگھ نے زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر کرال سنگری نرسری کو وسعت دینے کے احکامات دئیے۔ وزیر نے جنگلاتی اراضی کے ڈھ جانے پر قابو پانے کیلئے ایک مؤثر حکمت عملی اپنانے کی تلقین کی۔ انہوں نے اس سلسلے میں چیک ڈیم تعمیر کرنے اور ڈی آر ایس ایم کے کام شروع کرنے پر بھی زور دیا۔ بعد میں وزیر موصوف نے نرسری میں کام کر رہے ورکروں کے ساتھ بات چیت کے دوران اُنہیں نرسری کو مزید خوبصورت بنانے کی تلقین کی۔ اُنہو ں نے نرسری میں آرنامینٹل اور فروٹ پلانٹ لگانے کی افسروں کو ہدایت دی۔دورے کے دوران وزیر نے جنگلی حیات محکمہ کے افسران کو ہدایت دی کہ شنکرآچاریہ آنے والے لوگوں کو جنگلی جانوروں سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے ضروری حفاظتی اقدامات کئے جانے چاہئیں۔