عظمیٰ نیوز سروس
جموں//پنجاب پولیس نے ہفتہ کو کہا کہ اس نے جموں و کشمیر کے دو باشندوں کو گرفتار کرنے کے بعد لشکر طیبہ(ایل ای ٹی) کے ایک دہشت گرد ماڈیول کا پردہ فاش کیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ ان کی تحویل سے دو دیسی ساختہ بم، دو دستی بم، ایک پستول، دو میگزین، 24 کارتوس، ایک ٹائمر سوئچ، آٹھ ڈیٹونیٹر اور چار بیٹریاں ضبط کی گئیں۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس گورو یادو نے کہا کہ یہ کارروائی ریاستی اسپیشل آپریشن سیل امرتسر پولیس نے ایک مرکزی ایجنسی کے ساتھ مل کر کی تھی۔پنجاب پولیس کے سربراہ نے ایکس پر پوسٹ کیا”ایک اہم پیش رفت میں، اسٹیٹ اسپیشل آپریشن سیل امرتسر نے ایک مرکزی ایجنسی کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں لشکر طیبہ کے ایک ماڈیول کا پردہ فاش کیا اور دو افراد کو گرفتار کیا جو جموں و کشمیر کے رہائشی ہیں” ۔یادو نے کہا کہ دہشت گردی کے ماڈیول کو فردوس احمد بٹ نے سنبھالا تھا، جو لشکر طیبہ کا ایک سرگرم رکن تھا اور اس نے گرفتاریوں کو “پنجاب میں امن کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والے دہشت گردی کے ماڈیول کے لیے ایک بڑا دھچکا” قرار دیا۔