سرینگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر کی صدارت میں کل منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران لسجن علاقے میں دریائے جہلم کے بنڈکے ایک حصے کے دھنسنے سے پیداشدہ صورتحال کاجائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں اری گیشن وفلڈ کنٹرول اورریچ ڈریجنگ لمیٹیڈ کے نمائندے بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر بنڈ کا حصہ دھنسنے کی وجوہات کے بارے میں مفصل جانکاری حاصل کی گئی۔ترقیاتی کمشنر نے میٹنگ کے دوران اری گیشن فلڈ کنٹرول، جیولاجی اینڈ مائینگ ،صحت عامہ،تعمیرات عامہ اورمحکمہ مال کے آفیسران پر مشتمل ایک معائنے اور تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دی۔ٹیم کی قیادت خود ترقیاتی کمشنر کریں گے۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے مقامی لوگوں سے اپیل کی کہ اگر انہیں اس واقعہ کے سلسلے میں وجوہات کے بارے میں کوئی جانکاری ہو تو وہ متعلقہ حکام کو مطلع کریں۔میٹنگ کے دوران ترقیاتی کمشنر نے عدالتی احکاما ت کے تحت لسجن بنڈ سے بڑی گاڑیوں کی آمدورفت پر فوری پابندی کے احکامات صادر کئے تاکہ مستقبل میں بنڈ کو مزید نقصان نہ ہو۔انہوںنے ایس پی ٹریفک اور ڈسٹرکٹ پولیس کو اس پابندی پر صدفیصد عملدر آمد یقینی بنانے کی ہدایت دی۔بعد میں ترقیاتی کمشنر نے ریچ ڈریجنگ لمیٹیڈ کے نمائندوں کے ساتھ ڈریجنگ عمل میں پیش رفت اور اس سے جُڑے دیگر پہلوئوں کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ترقیاتی کمشنر نے مزید کہا کہ بنڈ دھنسنے کے واقعہ کی مکمل تحقیقات کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔