سرینگر// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نائب صدر محمد سرتاج مدنی اور سینئر لیڈر نظام الدین بٹ نے کرگل کا دورہ کرنے کے دوران لداخ کے تئیں پارٹی کے اس عہد کو دہرایا کہ پارٹی لیڈر شپ اس خطے میں ہمہ گیر تعمیر و ترقی کے لئے سنجیدہ ہے۔ دراس میں چیئر مین لیجسلیٹو کونسل حاجی عنایت علی اور کرگل ضلع کے صدر کاچو گلزار نے سینکڑوں لوگوں کے ہمراہ پارٹی لیڈران کا والہانہ استقبال کیا اور امید جتائی کی خطے کی دیرینہ مانگوں کو پورا کرنے میں پی ڈی پی لیڈر شپ اپنا اثر رسوخ استعمال کرکے انہیں جلد سے جلد مکمل کروانے میں اپنا رول ادا کرے ۔ دراس میں پارٹی ورکروں کے ساتھ میٹنگ میںلیڈران نے علاقے کے سیاسی معاملات کا جائیزہ لیا۔ اس موقعہ پر لوگوں نے کرگل کےلئے سرینگر ۔کرگل ہوائی سروس کی شروعات ، زوجیلا ٹنل پر فوری طور پر کام شروع کرنے اور کرگل میں زنانہ کالج کے قیام کے ساتھ ساتھ پانی کھر ۔ پہلگام روڈ کی تعمیر کو فوری طور پر ہاتھ میں لینے کا مطالبہ کیا۔ لیڈران نے عوام کو یقین دلایا کہ پارٹی لداخ خطے کی ہمہ گیر تعمیر وترقی کے لئے وعدہ بند ہے اور عوام کی مطالبات سے حکومت کو من و عن باخبر کرکے انکے اذالہ کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔