سرینگر//ایک بھارتی فوجی آفیسر اور دو اہلکار لداخ خطے کی گلوان وادی میں اُس وقت ہلاک ہوگئے جب چینی اور بھارتی افواج کے مابین تشدد بھڑک اُٹھا۔
فوجی ذرائع نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں طرف کے فوجی افسران نے تناﺅ کو بڑھنے سے روکنے کیلئے فوری طور پر میٹنگ کا اہتمام کیا ہے۔
فوج کی طرف سے جاری ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے ” لداخ خطے میں گلوان وادی پر کشیدگی کو کم کرنے کے دوران پیر کی رات پُر تشدد واقعہ پیش آیا جس کے دوران دونوں طرف سے جانی نقصان ہوا۔اس واقعہ میں بھارتی فوج کا ایک آفیسر اور دو اہلکار ہلاک ہوگئے“۔
واضح رہے کہ لداخ کی گلوان وادی میں چین اور بھارتی افواج کے مابین گذشتہ کئی ہفتوں سے کشیدگی چل رہی ہے جہاں چینی افواج نے بھارتی علاقے میں آکر خیمے نصب کئے ہیں۔
ادھر یو این آئی کے مطابق ہندوستان اور چین سرحد پر مشرقی لداخ میں پچھلے ایک مہینے سے بھی زیادہ وقت سے چلے آرہے تعطل کے درمیان پیر کی رات دونوں ملکوں کے فوجیوں کے درمیان پیگانگ جھیل علاقے میں پُرتشدد جھڑپ ہوئی جس میں فوج کے ایک افسر اور دو جوان ہلاک ہوگئے۔
فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں افواج کے اہلکاروں کے اپنی اپنی جگہوں سے پیچھے ہٹنے کے عمل کے تحت یہ جھڑپ پیر کی رات پیگانگ جھیل علاقے میں ہوئی جس میں فوج کا ایک افسر اور دو اہلکار ہلاک ہوگئے۔