عظمیٰ نیوز سروس
لیہہ// لداخ کے نیوما چشول علاقے میں چین کیساتھ لگنے والی سرحد لائن آف ایکچوئل کنٹرول(ایل اے سی) کے قریب دریائے شیوک میں سیلاب کی وجہ سے T-72 ٹینک ڈوبنے سے ایک جونیئر کمیشنڈ افسر سمیت پانچ فوجی اہلکار ڈوب گئے۔حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ یہاں سے 148 کلومیٹر دور مندر موڑ کے قریب صبح ایک بجے کے قریب ایک مشق کے دوران پیش آیا۔حکام کا کہنا ہے کہ28 جون، 2024 کی رات، فوجی تربیتی سرگرمی سے واپسی کے دوران، پانی کی سطح میں اچانک اضافہ کی وجہ سے، مشرقی لداخ کے ساسر برانگسا کے قریب، دریائے شیوک میں آرمی کا ایک ٹینک پھنس گیا۔ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں تاہم پانی کی سطح زیادہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو مشن کامیاب نہیں ہوسکا اور ٹینک کا عملہ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ لیہہ میں مقیم آرمی پی آر او نے ایک بیان میں کہا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔مہلوکین کی شناخت جے سی او شوبھان خان، ریزمارک ریڈی، بھوپیندر نیگی، اکدم طیبم، اور سدھارناگراج کے بطور ہوئی ہے۔ ڈیفنس پی آر او، لیہہ نے ایک بیان میں کہا “بھارتی فوج نے مشرقی لداخ میں آپریشنل طور پر تعینات ہونے کے دوران پانچ بہادر اہلکاروں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے، امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔