غلام نبی رینہ
کنگن//لیہہ لداخ میں سکول بس کھائی میں گرنے سے 7 افراد ہلاک جبکہ20زخمی ہوئے۔حکام نے بتایا کہ جمعرات کو لداخ کے ڈربک کے قریب 27 مسافروں کو لے جانے والی ایک سکول بس بے قابو ہو کر 200 میٹر گہری کھائی میں گرنے سے 7 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے۔بھارتی فوج کے مطابق،جمعرات کوتقریباً 11 بجکر 5منٹ پر، 27 مسافروں کو لے کر جانے والی ایک سکول بس لداخ کے ڈربک کے قریب تقریباً 5 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک کھائی میں جاگری۔ اس حادثے کو علاقے میں تعینات فوجیوں نے دیکھا جو فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچے اور متاثرین کو باہر نکالا۔فوج نے بتایا کہ تمام 27 افراد (بشمول 6 مہلوکین)کو ابتدائی طور پر تانگسٹے کے قریبی ملٹری ہسپتال اور پرائمری ہیلتھ سنٹر میں منتقل کیا گیا۔
فوج کے مطابق”انہیں بعد میں لیہہ کے ملٹری ہسپتال میں ہوائی جہاز کے ذریعے 14 پروازوں میںلے جایا گیا، ابتدائی علاج کے بعد 20 کیس ایس این ایم ہسپتال، لیہہ بھیجے گئے اور ریڑھ کی ہڈی کی چوٹ کے ساتھ ایک زخمی کو ایم آر آئی اور مزید علاج کے لیے ملٹری ہسپتال، لیہہ میں رکھا گیا۔ بعد میں ایک اور شخص ہسپتال میں دم توڑ بیٹھا۔ اس طرح مہلوکین کی تعداد 7تک پہنچ گئی۔فوج نے کہا کہ زخمیوں میں3بچے اور 17 خواتین شامل ہیں۔ادھر ضلع ترقیاتی کمشنر لیہہ سنتوش سکھدیو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ لامڈن سکول کی بس، جس میں ڈرائیور اور دو بچوں سمیت 28افراد سوار تھے، عملے کو لیکرشادی کی ایک تقریب میں جارہے تھے کہ اس دوران لیہہ سے 180کلو میٹر دور چنگلا دربک کے مقام پر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 6 افراد موقع پر ہلاک جبکہ دو بچوں سمیت 22افراد زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ایس ایس پی لیہہ شروتی ارورہ نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہوا ایک اور شخص زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا جس کے ساتھ ہی ہلاک ہونے والوں کی تعداد 7ہوگئی ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تین افراد کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔