بلند شہر( یو پی) //3 دسمبرکو بلند شہرمیں گئو کشی کی افواہ کے بعد بھڑکے تشدد کے دوران انسپکٹرسبودھ کمارسنگھ کے قتل کا ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوا ہے۔ 11 سیکنڈ کے ویڈیو میں ایک شخص انسپکٹرسبودھ کوگولی مارتا نظرآرہا ہے۔ مذکورہ شخص کی شناخت جیتوفوجی کے طورپرہوئی ہے جو مہائوگائوں کا رہنے والا ہے اور اس کی تعیناتی آج کل لداخ میں ہے۔وہ چھٹی پراپنے گائوں آیا ہوا تھا اور حادثے والے دن وہ یہاں موجود تھا۔ الزام ہے کہ جیتونے انسپکٹرکوگولی مارنے کے بعد اس کی پستول اورموبائل بھی لوٹ لی تھی۔ تشدد میںانسپکٹر سبودھ کمارسنگھ کو گولی مارنے والے کی شناخت کرنا پولیس کے لئے ایک چیلنج تھا۔ سوشل میڈیا پروائرل ایک ویڈیوسے پولیس نے فوجی کی شناخت کی ہے۔پولیس کا ماننا ہے کہ مذکورہ فوجی نے ہی پتھرلگنے سے سنگین حالت میں زخمی کوتوال سبودھ کمارکا قتل کیا ہے۔ ان کی چھینی ہوئی پستول اورموبائل بھی اسی کے قبضے میں ہے۔ حادثہ کو انجام دینے کے بعد فوجی واپس ڈیوٹی پرچلا گیا۔ فوجی کی گرفتاری کے لئے پولیس کی ایک ٹیم سب انسپکٹروجے گوتم کی قیادت میں سی جے ایم کورٹ سے گرفتاری وارنٹ لینے کے بعد جمعرات کو جموں روانہ ہوگئی۔اس کے ساتھ ہی ایس ٹی ایف کی دو ٹیمیں جموں روانہ ہوگئی ہیں۔ واضح رہے کہ پولیس کی ایف آئی آرمیں بھی جیتو فوجی کا نام درج ہے۔ اے ڈی جی میرٹھ زون پرشانت کمارنے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیمیں جموں روانہ ہوگئی ہیں۔ ملزم فوجی کو جلد ہی گرفتارکیا جائے گا۔