نئی دہلی// مرکزی وزارت دفاع کی طرف سے پیر کو جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے چینی افواج نے مشرقی لداخ میں دونوں ممالک کے مابین ہوئی رضامندی کی خلاف ورزی کی کوشش کی ہے ، جس کو ہندوستانی فوجیوں نے ناکام بنا دیا۔
وزارت دفاع بیان کے مطابق مشرقی لداخ میں گزشتہ تین ماہ کے زائد عرصے سے جاری تعطل کے درمیان چینی فوجیوں نے 29 اور 30 اگست کی درمیانی شب کو پینگانگ جھیل کے جنوبی کنارے پر اشتعال انگیز کارروائی انجام دی اور جوں کی توں صورتحال کوتبدیل کرنے کی کوشش کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی فوجیوں نے چین کی اس کوشش کو پہلے ہی بھانپ لیا اور اس کو ناکام بنا دیا۔
یاد رہے کہ لداخ خطے میں حقیقی کنٹرول لائن پر دونوںنیوکلیائی طاقتوں کے درمیان رواں سال کے ماہ مئی سے کشیدگی کی صورتحال بنی ہوئی ہے۔