لیہہ// بودھ مت کے روحانی پیشوا دلائی لامہ نے کہا ہے کہ بھارت مذہبی رواداری کی ایک بہترین مثال ہے اور بھارتی مسلمانوں کو ملکر دنیا میں اہم مقام قائم کرنے کی کوشش کرنی چاہئے ۔دلائی لامہ آل مسلم کارڈنیشن کمیٹی لہیہ کی جانب سے عیدگاہ میں دئے گئے استقبالہ میں لوگوں سے خطاب کررہے تھے۔ بودھوں کے روحانی پیشوا نے کہا کہ میں اس دنیا کی تعمیر چاہتا ہوں جس میں 7بلین لوگ مذہبی رواداری اور امن سے رہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی کسی بھی مذہب کو مانتا ہویا کسی مذہب سے باہر ہو ،تمام لوگ انسان ہیں اور خوشی اور محبت کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ ملکر رہنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسان سماجی جانور ہے اور وہ ایک دوسرے کی شفقت رکھتے ہیں اور اسی وجہ سے ہم سب کو انسانی اقدار کا خیال رکھنا چاہئے تاکہ ہم خوش حال دنیا کی تعمیر کرسکے کیونکہ دنیا کے تمام مذاہب میں اچھے انسان پیدا کرنے کی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب انسان کااپنا مسئلہ ہوتا ہے مگر اصل مقصد ایک سماج میں مذہبی رواداری کے ساتھ رہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مسلمان جو کسی بھی دہشت گردی کی کارروائی میں ملوث ہوتے ہیں ،سچے مسلمان نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ جہاد کا اصل مقصد انسان کی اندر کی خرابیوں سے لڑنا ہے جبکہ ایک سچا مسلمان ہمیشہ اللہ کی بنائی ہوئی مخلوق کی عزت کرتا ہے۔ اس موقعے پر خطبہ استقبالہ پیش کرتے ہوئے انجمن مومن الاسلام کے صدر عبدالقیوم نے کہا کہ عیدگاہ میں موجود لوگ لداخ کی مسلمانوں کی ترجمانی کرتے ہیں اور یہ مذہبی رواداری کی زندہ مثال ہے ۔انہوں نے کہا کہ لداخ کے مسلمان آپسی بھائی چارے کی ایک زندہ مثال ہے جو کسی بھی بیرونی حالات سے متاثر نہیں ہوتے اور زوجلا سے نوبرا کے ترتک مذہبی رواداری قائم رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر عبدالقیوم نے بتایا کہ سماج میں موجود چند اشخاص مسلمانوں کا نام بدنام کرتے ہیں جبکہ قرآن پاک کے 70فیصد آیات میں انسانیت کا درس دیا گیا ہے۔