سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے آفیسران کی ایک میٹنگ میں لداخ اورکرگل کے لئے سٹاک وسپلائی پوزیشن کا جائزہ لیا ۔میٹنگ کے دوران صوبائی کمشنر کو بتایا گیا کہ لداخ اور کرگل اضلاع میں راشن ،ایل پی جی اوردیگر اشیائی خوردنی کا وافر سٹاک موجود ہے۔دونوں اضلاع کے لئے سپلائی پوزیشن کا جائزہ لینے کے دوران صوبائی کمشنر نے آفیسران پر زوردیا کہ وہ دیگر اشیأ بشمول کھانڈ ،آٹا ،مٹی کے تیل اورپٹرولیم مصنوعات کی باقی ماندہ سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے رواں ماہ کے آخر تک اقدامات کریں تاکہ لوگوں کوموسم سرماکے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ ترقیاتی کمشنران لیہہ اور کرگل نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جانکاری دی کہ دونوں اضلاع میں لازمی اشیأ کا سٹاک موجود ہے ۔ صوبائی کمشنر نے اینمل وشیپ ہسبنڈری محکموں کو ہدایت دی کہ وہ پولٹری ،انڈے ،پولٹری فیڈ اوربھیڑ کی مناسب سپلائی رواں ماہ کے آخر تک یقینی بنائیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر نے بتایا کہ لداخ اور لیہہ میں حیات بخش ادویات کا وافر سٹاک موجود ہے ۔صوبائی کمشنر نے لداخ خطے میں تعمیراتی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لئے تعمیراتی سامان کی وافر مقدا ر دستیاب رکھنے کے لئے ہدایت دی ۔جب کہ محکمہ جنگلات کو بالن اور تعمیراتی لکڑی کی سپلائی کے لئے بھی اقدامات کرنے کے احکامات دئیے۔صوبائی کمشنر نے متعلقہ آفیسران کو باقی ماندہ اشیأ کی سپلائی کے لئے بھی اقدامات کرنے پر زوردیا۔انہوںنے اس سلسلے میں صوبائی کمشنر کے دفتر کو ہفتہ وار بنیادوں پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔میٹنگ میں اے ڈی سی سرینگر ،ڈائریکٹر فوڈ،ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری ،جنرل منیجر ایس آر ٹی سی ،جوائنٹ ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری ،جوائنٹ ڈائریکٹر زراعت،ڈپٹی ڈائریکٹر باغبانی اورڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔