کنگن// سرینگر لیہہ شاہراہ پانچ ماہ تک بند رہنے کے بعد اتوار کو کھول دی گئی۔ 434کلومیٹر طویل شاہراہ کو اتوار کے روز زوجیلہ پر منعقدہ ایک تقریب کے دوران فوج کی 15 ویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹنٹ جنرل کنول جیت سنگھ دھلوں نے ایک کانوائے کو ہری جھندی دکھا کر کھول دیا۔جنرل نے بتایا کہ پانچ ماہ تک بند رہنے والی لداخ شاہراہ کو سرکاری طور پر آمدو رفت کیلئے کھول دیا گیا ہے جس سے لداخ اور کرگل کے لوگوں کو راحت ملے گی اور سیاحت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ امسال بھاری برف باری ہونے کی وجہ سے اگرچہ پروجیکٹ اور بیکن کو کافی مشکلاتیں پیش آئیں لیکن اس کے باوجود شاہراہ کو مقررہ وقت کے اندر آمد رفت کے لئے کھول دیا گیا ۔اس موقعہ پر چیف انجینئر بیکن، ضلع مجسٹریٹ کرگل، ایس پی کرگل، اے ڈی سی گاندربل اور دیگر اعلیٰ عہدیداراں بھی موجود تھے ۔ سرینگر لیہہ شاہراہ دسمبر میں ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے بند کی گئی تھی۔