لداخ بھون کے باہر احتجاج،وانگچک 20افراد سمیت گرفتار

Towseef
2 Min Read
File Image || Sopurce; X

عظمیٰ نیوز سروس

نئی دہلی//ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک اور 20 دیگر مظاہرین کو دہلی پولیس نے اتوار کو لداخ بھون کے باہر احتجاج کرنے پر حراست میں لے لیا۔ حکام نے بتایاکہ تقریباً 20 سے 25 مظاہرین، جو وانگچک کے ساتھ غیر معینہ عرصے کیلئے بھوک ہڑتال پر تھے، کو حراست میں لے کر مندر مارگ پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔اس موقعہ پرامن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔کچھ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ احتجاج نہیں کر رہے تھے بلکہ پرامن طریقے سے بیٹھے تھے۔پولیس نے کہا کہ مظاہرین کو لداخ بھون کے باہر بیٹھنے کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا”انہوں نے جنتر منتر پر احتجاج کرنے کے لیے ایک درخواست دائر کی ہے، ان کی درخواست زیر غور ہے، انہیں کسی دوسری جگہ پر احتجاج کرنے کی اجازت نہیں ہے‘‘۔پولیس نے کہا’’ ہم نے چند لوگوں کو حراست میں لیا ہے، جنہیں جلد رہا کر دیا جائے گا‘‘۔وانگچوک نے کہا’’ہمیں بتایا گیا کہ دفعہ 163 نافذ کر دی گئی ہے یہ افسوسناک ہے کہ جمہوریت کی ماں پر سال بھر ایسی پابندیاں لگائی جاتی ہیں، یہ دفعہ عام طور پر عارضی طور پر صرف اس وقت نافذ کی جاتی ہے جہاں امن و امان میں خلل پڑنے کا امکان ہوتا ہے‘‘۔ وانگچک نے مزید کہاکہ یہ ہماری جمہوریت پر ایک دھبہ ہے اور عدالتوں کو بھی اس کا نوٹس لینا چاہیے ایسی دفعہ مستقل طور پر کیسے لگائی جا سکتی ہے۔

Share This Article