لیہہ //نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے کل لیہہ لداخ میں پارٹی دفتر کا افتتاح کرتے ہوئے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ لیہہ میں ہم دوبارہ مضبوطی کی طرف گامز ن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس تقسیمی سیاست اور موقعہ پرستی میں یقین نہیں رکھتی ہے، اس جماعت نے ہمیشہ ریاست کے تینوں کو ایک ساتھ رکھا اور اس کیلئے بیش بہا قربانیاں پیش کیں۔انہوں نے کہا کہ خطہ لداخ کی تعمیر و ترقی ، عوام کی خوشحالی اور فارغ البالی کے علاوہ تعلیم کے فروغ کیلئے نیشنل کانفرنس نے سب سے بڑا رول ادا کیا ہے اور اس جماعت نے ہمیشہ اس خطہ کی طرف خصوصی توجہ دی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اس بارے بھی آنے والے لداخ ہل ڈیولپمنٹ کونسل انتخابات میں بڑھ چڑھ حصہ لے گی اور پارٹی اُنہی نمائندوں کو میدان میں اُتارے گی ، جن کی عوام میں اچھی ساخت اور خدمت خلق کا جذبہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے تینوں کے تہذیب و تمدن ، مذہبی آزادی اور یکساں سلوک اور مساوی بنیادوں پر ترقی کیلئے نیشنل کانفرنس نے کلیدی اور تاریخی رول ادا کیا ہے ، جو ایک نہ مٹنے والی حقیقت ہے۔ انہوں نے لداخ کے عوام کو ہوشیار کرتے ہوئے کہا کہ آج کل ریاست میں ایسی جماعتیں اور عناصر سرگرم ہوگئے ہیں جو مذہبی، زبان اور علاقائی بنیادوں پر نہ صرف یہاں کے عوام کو تقسیم کرنے پر تلے ہوئے ہیں بلکہ ریاست کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی سازشیں بھی رچا رہیں گے۔ اس لئے ہمیں ایسے عناصر اور ایسی جماعتوں سے ہوشیار رہنا چاہئے تاکہ اُن کے مذموم عزائم اور ارادوں کو خاک میں ملایا جاسکے۔اس موقعے پر پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، ترجمان اعلیٰ آغا سید روح اللہ مہدی(ایم ایل اے بڈگام)، پارٹی لیڈر تنویر صادق اور شمی اوبرائے، سیتن نمگیار،پی وانگدن اور دیگر مقامی لیڈران بھی موجود تھے۔