سرینگر// بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان کی مشہور فلم ’تھری ایڈیٹس‘ سے ترغیب پاکر جموں وکشمیر کے لداخ خطہ کے ایک طالب علم نے ہوائی جہاز بناڈالا ہے۔ مذکورہ طالب علم کا تخلیق کردہ ہوائی جہاز ان دنوں دنیا کا ’سرد ریگستان‘ کہلائے جانے والے لداخ میں لداخیوں اور سیاحوںکی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بالی ووڈ کی ترغیب آمیز فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کی عکس بندی دہلی، بنگلور، ممبئی، شملہ کے ساتھ ساتھ لداخ خطہ میں بھی ہوئی تھی۔ اس فلم میں بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ کہلائے جانے والے عامر خان نے سائنسداں ’ونسک وانگڈو‘ کا رول نبھایا تھا، جو دیہی علاقوں میں زندگی کو آسان بنانے کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال کررہا تھا۔ لداخ کی نوبرا ویلی سے تعلق رکھنے والے سونم سٹینزن نامی طالب علم نے ’ہوائی جہاز‘ بنانے کے پروجیکٹ پر سال 2012 ءمیں اپنی ہائی سکولنگ کے بعد کام شروع کیا، جو اس وقت اپنے آخری مرحلے میں ہے۔ انہوں نے اپنے تخلیق کردہ ہوائی جہاز کے لئے ری سائیکل مواد کا استعمال کیا ہے۔ سائنس اور ٹیکنالوجی میں زبردست دلچسپی رکھنے والا سٹینزن بچپن سے ہی کوئی منفرد کارنامہ سرانجام دینے کا خواب رکھتا تھا۔ سٹینزن کی چیزوںکو فضا میں اڑانے کی دلچسپی 15 سال کی عمر میں اُس وقت پیدا ہوئی تھی جب وہ نویں جماعت میں زیر تعلیم تھا۔ اس کے لئے انہوں نے کئی ایک اختراعی پروجیکٹوں پر تجربہ کیا۔ جہاں سٹینزن کو سرکار کی طرف کوئی مالی مدد نہیں ملی، وہیں اُس کے والد نے اسے اپنا خواب پور کرنے میں بھرپور ساتھ دیا۔ سٹینزن نے یو این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا ’اختراعی کام انجام دینے کا خیال میرے ذہن میں پہلے سے ہی تھا، لیکن تھری ایڈیٹس دیکھنے کے بعد مجھے میرے پروجیکٹ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ترغیب ملی‘۔ انہوں نے کہا کہ ہوائی جہاز بالکل تیار ہے اور اس کا انجن بھی کام کررہا ہے لیکن صرف اس کی فضائی اڑان کا تجربہ باقی ہے جس کے لئے مجھے ایک جانکار شخص کی ضرورت ہے۔ سٹینزن نے کہا ’جہاز کو اڑان کے قابل بنانے کے لئے چند حصوں کو اس کے ساتھ جوڑنا باقی ہے۔ عنقریب پوری دنیا اس تخلیق کے بارے میں جان جائے گی‘۔ اختراعی صلاحیتوں سے مالا مال اس طالب علم کے افراد خانہ اور رشتہ داروں کا کہنا ہے ’سٹینزن الیکٹرانک آلات کو ٹھیک کرنے میں غیرمعمولی مہارت رکھتا ہے‘۔ انہوں نے کہا ’بارہویں جماعت کا امتحان پاس کرنے کے بعد سٹینزن نے ہوائی جہاز بنانے کے پروجیکٹ پر کام شروع کیا، جس کے لئے انہوں نے انٹرنیٹ سے ضروری معلومات حاصل کیں‘۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ اسے پروجیکٹ کی تکمیل میں گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، لیکن اس نے ہار نہیں مانی اور اپنے پروجیکٹ کو مکمل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ سٹینزن نے اپنے تخلیق کردہ ہوائی جہاز میں اسکوٹر کے دو اور ماروتی 800 کا ایک انجن استعمال کئے ہیں۔ 314 کلو وزنی اس جہاز کی لمبائی 17 اعشاریہ 8 فٹ اور پنکھوں کی لمبائی 19 فٹ ہے۔ (یو اےن آئی )