عظمیٰ نیوز سروس
لیہہ// لیہہ ایپکس باڈی(ایل اے بی) نے ہفتہ کو اگلے ماہ لیہہ سے دہلی تک پیدل مارچ کا اعلان کیا تاکہ مرکز سے لداخ کی قیادت کے ساتھ اپنے چار نکاتی ایجنڈے پر رکی ہوئی بات چیت کو دوبارہ شروع کرنے پر زور دیا جا سکے۔ایل اے بی اور کارگل ڈیموکریٹک الائنس(کے ڈی اے)، دونوں مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں کے الگ الگ گروپ، مشترکہ طور پر گزشتہ چار سالوں میں ریاست کی حمایت، آئین کے چھٹے شیڈول میں توسیع، جلد بھرتی کے عمل کے ساتھ ساتھ لداخ کے لیے پبلک سروس کمیشن، اور لیہہ اور کرگل اضلاع کے لیے الگ الگ لوک سبھا سیٹیوں کیلئے ایجی ٹیشن کی قیادت کر رہے ہیں۔
لداخ کے نمائندوں اور مرکزی حکومت کے درمیان بات چیت مارچ میں بغیر کسی ٹھوس نتیجے کے ختم ہوگئی تھی۔لیہہ سے قومی راجدھانی تک پرامن مارچ کا اعلان کرتے ہوئے، ایل اے بی کے شریک چیئر مین چیرنگ ڈورجے لکروک نے کہا کہ موسمیاتی کارکن سونم وانگچک کے ساتھ کم از کم 100 رضاکار یکم ستمبر کو لیہہ سے پیدل چلنا شروع کریں گے اور 2 اکتوبر کو گاندھی جینتی پر دہلی پہنچیں گے۔ لاکروک نے کہاتاہم، اگر رضاکاروں کی تعداد 100 سے کم رہتی ہے تو تاریخوں میں تبدیلی کی جائے گی لیکن مارچ ضرور ہو گا۔مارچ کے انعقاد کا فیصلہ دو روز قبل ایپکس باڈی کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔