سرینگر//لبریشن فرنٹ نے کہا ہے کہ محمد مقبول بٹ کی34 ویں برسی کے حوالے سے آج جہاں دنیا بھر میں کشمیری تقریبات اور پروگرام منعقد کرچکے یا کررہے ہیں وہیں جموں و کشمیر میںبھی عوام نے اس دن کی مناسبت سے اپنے جذبات و احساسات کا برملا اظہار کیا۔ فرنٹ کے مطابق وادی میں مشترکہ مزاحمتی قیات کی اپیل پر مکمل اورمثالی ہڑتال کی گئی جبکہ سخت ترین کرفیو کے باوجود لالچوک سرینگر میں ایک احتجاجی ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا جس دوران متعدد قائدین و اراکین نے شرکت کی جن میں شوکت احمد بخشی، نور محمد کلوال، مشتاق اجمل، محمد یاسین بٹ، شیخ عبدالرشید، بشیر احمد کشمیری، علی محمد بٹ، امتیاز احمد ڈار، فیاض احمد لون اور بشارت احمدشامل ہیںجو بعد میںگرفتار بھی کرلئے گئے ۔ بیان کے مطابق لبریشن فرنٹ کے مرکزی نائب آرگنائزر سراج الدین میر اور قائد ظہور احمد بٹ کی سربراہی میں ترہگام میں منعقدہ پروگراموں میں علاقے کے لوگوں نے بھرپور انداز میں شرکت کی اورتعزیتی مجلس دن بھر جاری رہی جس سے سراج الدین میر، ظہور احمد بٹ، پروفیسر جاوید ،سید نثار جیلانی، مولوی ریاض ،غلام قادر خان،طارق احمد اور دوسرے لوگوں نے خطاب کیا۔