سرینگر//لبریشن فرنٹ نے لندن میں موجود بھارتی ہائی کمیشن کے باہر ایک احتجاجی دھرنے کا انعقاد کیا۔احتجاج میں شامل سینکڑوں افرادنے جموں کشمیر کی مکمل آزادی ، جموں کشمیر سے فوجی انخلاء اور زیادتیوں کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کئے۔احتجاجی مظاہرین نے عالمی برداری کی توجہ کشمیر کے سنگین حالات کی جانب متوجہ کرتے ہوئے زور دیا کہ عالمی برداری اس معاملے میں فوری مداخلت کرے اور کشمیریوں کی جانیں بچانے کی سعی کرے۔ مظاہرین نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ جموں کشمیر میں حقیقت دریافت کرنے کیلئے ایک مشن (Fact Finding Mission)کوتعینات کرے تاکہ بھارت کے جمہوری چہرے کو دنیا بھر میں بے نقاب کیا جائے۔احتجاجی دھرنے کے اختتام پرلبریشن فرنٹ قائدین نے صابر گل (صدرلبریشن فرنٹ برطانیہ)کی قیادت میںلندن میں مقیم بھارتی ہائی کمیشنر کو ایک یادداشت پیش کرنے کی کوشش کی لیکن بھارتی ہائی کمیشن نے یادداشت لینے سے انکار کیا۔اس موقع پر میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے صابر گل نے کہا کہ بھارتی ہائی کمیشن نے یادادشت قبول نہ کرکے دراصل کچھ برس سے جاری غیر اخلاقی ڈپلومیٹک کاوش کو جاری رکھا ہوا ہے۔