سرینگر// سختیوں، قدغنوں اور دوسری رکاوٹوں کے باوجود لبریشن فرنٹ کے سرکردہ قائدین اور اراکین نے بھی جنوبی و وسطی کشمیر کے کئی علاقوں کا دورہ کیا اور الیکشن کے مکمل بائیکاٹ کی افادیت کو لوگوں پر اجاگر کیا۔فرنٹ قائدین نور محمد کلوال، ظہور احمد بٹ اور جاوید احمد بٹ نے جنوبی کشمیر جبکہ سراج الدین میر ،گلزار احمد پہلوان،پیر عبدالرشید وغیرہ نے وسطی کشمیر میں اس مہم کو پرامن طور پر آگے بڑھایا۔ جنوبی کشمیرمیں قائدین نے پلوامہ کے علاقوں ترچھل،ٹنگہ ہار،چنڈہ گام اور نارہ پورہ شوپیان جبکہ وسطی کشمیرمیں نارہ بل،ماگام،مازہامہ، کابہامہ، کاﺅسہ بڈگام اور ملحقہ علاقہ جات کا دورہ کرکے وہاں مسجد وں میں اور گھر گھر جاکر لوگوں کو الیکشن کے مضمرات اور اس کے بائیکاٹ کی افادیت سے آگاہ کیا۔درایں اثناءلبریشن فرنٹ کے محبوس چیئرمین محمد یاسین ملک نے تحریک آزادی کے اوّلین شہید سجاد حسین شاہ کے انکی برسی پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا ہے۔فرنٹ نے چھترگل کنگن میں اپنے ہمدرد پیر غلام حسن کی زوجہ محترمہ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کےلئے جنت نشینی کی دعائیں کی ہیں۔لبریشن فرنٹ کے ذمہ دار غلام جیلانی نے مرحومہ کے گھر جاکر ان کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔