سرینگر// لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہاہے کہ کشمیر دنیا کا واحد مقام ہے جہاں بھارت جمہوریت کی دیوی کو خوش کرنے کیلئے معصوموں کا خون بے دریغ بہارہا ہے۔۹اپریل کو جاں بحق کئے گئے کئی معصومین کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ ان معصوم جوانوں کو جن میں سے کئی ابھی تلک بچپن کے ایام ہی میں تھے کو فورسز نے مواخذے کے کسی خوف کے بغیر اپنی گولیوں، پیلٹ اور شیلوں کا نشانہ بنایا اور ان میں سے کئی ایک کو جان بحق اور کئی کو زخمی کردیا۔یاسین ملک نے کہا کہ ہمارے ان معصوم بچوں نے اپنے سینوں پر گولیاں کھاکر اُس جمہوریت کی اصلیت کو بے نقاب کردیاجو لاکھوں کشمیریوں کے قتل و غارت کیلئے ذمہ دار ہے۔ لبریشن فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ پوری کشمیری قوم ان شہداء کی مرہون منت ہے اور یہ کہ ان شہداء کے مشن کی تکمیل کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔لال چوک میں معصوم اسکولی طالبات پر پولیس اور فورسز کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ پولیس اور فورسز جس بے ہنگم انداز میںاسکولی بچے اور بچیوں پر حملہ آور ہورہے ہیں وہ ہر لحاظ سے مذموم ہے۔