سری نگر// پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے لاوے پورہ انکاونٹر کے بارے میں جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے نام ایک مکتوب میں اس تصادم کا غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے مہلوکین کی لاشوں کو ان کے لواحقین کے حوالے کرنے کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے ” ایک ماں کو اپنے مہلوک بیٹے کے آخری دیدار سے محروم رکھنا غیر انسانی اور نا قابل قبول فعل ہے“۔
لیفٹیننٹ گورنر کے نام سال نو کی آمد پر اپنے مکتوب میں محبوبہ مفتی کہتی ہیں”امید ہے کہ آپ پارمپورہ میں 30 دسمبر کو پیش آئے بدقسمت واقعہ سے واقف ہوں گے جس میں تین لڑکوں کو مارا گیا جن کے اہلخانہ کا دعویٰ ہے کہ وہ ایک فرضی جھڑپ تھی“۔