ترال//ترال کے دیدار پورہ لام میں پل کی عدم موجود گی کے باعث مقامی آبادی خاص کر سکولی بچوں اور خواتین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ترال قصبہ سے تقریباً 15کلومیٹر دور دیدار پورہ لام کی آبادی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ نالے پر پل نہ ہونا مقامی آبادی کے لئے زبردست پریشانی کا موجب بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں تین سرکاری سکول قائم ہیں جہاں طلاب اور عملے کو سکول تک پہنچنے کے لئے نالہ پار کرکے سکولوں تک پہنچناپڑتا ہے تاہم بارشوں کے دوران کوئی بھی انسان یہ نالہ پار نہیں کر سکتا ہے جس کی وجہ سے مقامی آبادی کو مجبوراًگھروں میں ہی رہنا پڑتا ہے۔مقامی آبادی نے بتایا کہ چند سال قبل موجودہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے انتخابی مہم کے دوران لوگوں کو یقین دلایا تھا کہ یہ پل فوری طور پل تعمیر کیا جائے گا تاہم آج تک تعمیر نہیں ہو سکا ۔ایک مقامی نوجوان اعجاز احمد ڈار نے بتایا کہ اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر ترال ہربنس سنگھ نے کہا کہ انہوں نے پل کا پروجیکٹ اعلیٰ افسران کو سونپ دیا ہے اور وہ پروجیکٹ منظور ہونے کے منتظر ہیں۔