سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمدخان کی صدارت میںکل منعقدہ آفیسران کی ایک میٹنگ میں لالچوک میں پلیڈیم سینما کے پاس قائم بنکر کو ہٹاکر کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کے لوازمات کاجائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں ترقیاتی کمشنر سرینگر،ڈی آئی جی جے کے پی اور سی آر پی ایف کے ڈی آئی جیز کے علاوہ وی سی ایس ڈی اے اورجوائنٹ کمشنر ایس ایم سی نیز دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے بتایا کہ مقامی دکانداروں کی مانگ اور عوام کی بلا خلل نقل وحرکت کو یقینی بنانے کے لئے بنکر کو کسی دوسری موزوں جگہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوںنے ترقیاتی کمشنر کو اس جگہ کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی جہاں بنکر کو قائم کیاجاسکتا ہے۔ڈی آئی جی سی آر پی ایف نے کہا کہ جوں ہی موزوں جگہ فراہم ہوگی تو پلیڈیم سینما کے پاس بنکر کو وہاں سے فوراً منتقل کیا جائے گا۔