غلام نبی رینہ
کنگن// دہلی کے لال قلعہ کے نزدیک حالیہ کار دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 27 سالہ بلال احمد سانگو کی میت بدھ کو ان کے آبائی گائوں بابا نگری وانگت کنگن پہنچائی گئی۔اطلاعات کے مطابق جوں ہی بلال احمد کی میت ان کے آبائی گائوں پہنچی تو وہاں ہر سو ماتم کا ماحول سایہ فگن ہوا اور ان کے احباب و اقارب بالخصوص خواتین کو زار و قطار روتے ہوئے دیکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ بلال احمد کی میت پہنچتے ہی گائوں میں لوگ بڑی تعداد میں جمع ہوئے اور وہاں جذباتی مناظر دیکھے گئے ۔ ان کے نماز جنازہ میں سینکڑوں لوگوں جن میں ایم ایل اے کنگن میاں مہر علی بھی شامل تھے، نے شرکت کی اور بلال احمد سانگو کو اشکبار آنکھوں کے ساتھ سپردخاک کیا گیا ۔ممبر پارلیمنٹ میاں الطاف احمد نے بھی بلال احمد سانگو کے لواحقین سے تعزیت کی ۔مقامی ذرائع کے مطابق بلال احمد گذشتہ کئی برسوں سے دہلی میں مزدوری کرتا تھا اور اپنے اہلخانہ کو پالتا تھا۔اس موقع پر رکن اسمبلی کنگن میاں ماہر علی نے میڈیا کو بتایا،’’میں نے پہلے بھی ان کی مدد کی ہے اور آگے بھی کرتا رہوں گا‘‘۔انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ کنبے کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔