سرینگر//جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے ریاست میں جنگلات کے تحفظ کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو جنگلات کے وسائل کو تحفظ دینے کیلئے آگے آنا چاہئے ۔ وزیر موصوف نے ان خیالات کا اظہار جنگلات کے تحفظ سے متعلق جموں اینڈ کشمیر فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے منعقدہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کو ہدایت دی کہ وہ عوام کو جنگلات کے تحفظ کیلئے اُن کے کردار کے تئیں بیداری پیدا کریں ۔ انہوں نے متعلقین سے کہا کہ وہ جنگلاتی اراضی پر ناجائیز قبضہ روکنے کیلئے دن رات کام کریں ۔ محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کو درپیش مسائل اور مطالبات کو پورا کرنے کیلئے وزیر موصوف نے یقین دلایا کہ اُن کی جائیز مانگوں کو جلد حل کیا جائے گا ۔ تقریب کا انعقاد محکمہ جنگلات کی یونین کے نو منتخب ریاستی اور پروونشل صدور کی حلف برداری کے سلسلے میں کیا گیا تھا ۔ اس موقعہ پر پرنسپل چیف کنزرویٹر فارسٹ ، چیف کنزرویٹر فارسٹ کشمیر /جموں ، ایڈیشنل پی سی سی کے علاوہ محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔