جموں//پولیس نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے خلاف ناشائستہ زبان استعمال کرنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر چودھری لال سنگھ کے مفرور بھائی کو اشتہاری ملزم قرار دے دیا ہے۔ضلع پولیس ہیڈکوارٹرس کٹھوعہ کی طرف سے جاری کئے گئے ایک اشتہار میں کہا گیا ہے ’راجندر سنگھ عرف بابی ولد سرن سنگھ ساکن وارڈ نمبر 2 کٹھوعہ (پولیس کو) ایف آئی آر 87/2018 کے سلسلے میں مطلوب ہے۔ ملزم اپنی گرفتاری کو ٹالنے کے لئے روپوش ہوگیا ہے۔ اس کے بارے میں اطلاع دینے والے کو معقول انعام و اکرام سے نوازا جائے گا‘۔ اشتہار میں راجندر سنگھ کی تصویر اور تمام شناختی تفصیلات بشمول نام، ولدیت، سکونت، عمر اور قد ظاہر کی گئی ہیں۔ اس میں ضلع پولیس کٹھوعہ، پولیس کنٹرول روم کٹھوعہ اور پولیس اسٹیشن ہیرا نگر کے فون نمبرات اور ای میل ایڈریس بھی دیے گئے ہیں۔ یہ اشتہار ضلع میں کئی مقامات پر چسپاں کیا گیا ہے۔ ریاستی پولیس نے راجندر سنگھ کے خلاف 21 مئی کو پولیس تھانہ ہیرا نگر میں ایک مقدمہ درج کیا تھا۔ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے 22 مئی کو اپنے ایک ٹویٹ میں اُن لوگوں کا شکریہ ادا کیا تھا جنہوں نے موصوفہ کے خلاف انتہائی ناشائستہ زبان استعمال کرنے والے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔