سرینگر//تعلیم کے وزیر سیدمحمد الطاف بخاری نے لال چوک کو جدید خطوط پر ترقی دینے کیلئے ایک اختراعی ترقیاتی منصوبہ مرتب کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ اس سے مقامی لوگوں اور سیاحوں کے لئے دلچسپی کا مرکز بنایا جاسکے۔وزیر موصوف کل سرینگر میں امیر ا کدل حلقہ کے ترقیاتی کاموں پر ہو رہی پیش رفت کا ایک میٹنگ کے دوران جائزہ لے رہے تھے۔ میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر، وی سی ایس ڈی اے ،ناظم تعلیم ، چیف انجینئر آر اینڈ بی ، آئی ایف سی، پی ڈی ڈی ، کمشنر ایس ایم سی اور کئی اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔وزیر نے ایس ڈی اے ،ایس ایم سی ، آر اینڈ بی کے افسروں اور دیگر ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی جو یہ منصوبہ مرتب کرے گی۔اُنہوں نے کہا کہ نئے منصوبے میں فٹ پاتھوں،سڑکوں ، کھلی جگہوں ، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کا خاص خیال رکھا جائے گا۔ وزیر کو اس موقعہ پر بتایا گیا کہ امیر ا کدل حلقہ میں کئی ترقیاتی کام جاری ہے جن کی بدولت لوگوں کو کافی سہولیت دستیاب ہوں گی۔ الطاف بخاری نے متعلقین پر زور دیا کہ تعمیراتی کاموں میں سرعت لائیں ۔ اُنہوںنے پھولبانی محکمہ سے کہا کہ سنگر مال کمپلیکس کے نزدیک ایک پارک قائم کریں۔سیلاب کے خطرات کو مدنظررکھتے ہوئے وزیر نے کہا کہ دریائے جہلم میں ڈریجنگ کے کام میں تیزی لائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسروں سے کہا کہ وہ فلڈ چینل سے اگلے15دنوں کے اندر اندر ناجائز تجاوزات اور درختوں کو ہٹائیں۔انہوںنے صحت محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ 24گھنٹے چلنے والی سہولیت قائم کریں ۔اس موقعہ پر کمشنر ایس ایم سی نے کہا کہ حلقہ میں 71ترقیاتی کام مکمل کئے گئے ہیں جبکہ اسی طرح کے 31کاموں پر کام سرعت سے جاری ہے ۔ وزیر نے اس موقعہ پر سڑک کی کشادگی سے متاثرہ لوگوں کی باز آبادکاری کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔